.

یمن کے سرحدی علاقے میں عرب اتحاد کی کارروائی میں 50 حوثی باغی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی خصوصی فورسز نے عرب اتحاد کے ساتھ مل کر یمن کے سرحدی پہاڑی علاقے میں حوثی ملیشیا کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی ہے اور اس میں کم سے کم پچاس حوثی باغیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

العربیہ نیوز چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ عرب فورسز نے سعودی عرب کے ساتھ واقع سرحدی پہاڑی علاقے میں حوثی باغیوں پر اہدافی حملے کیے ہیں اور ان کے اسلحے اور گولہ بارود کے متعدد ڈپوؤں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔

یمن کے سرحدی علاقے سے حوثی باغی سعودی عرب کے نجران سمیت جنوبی سرحدی علاقوں کی جانب آئے دن میزائل اور مارٹر گولے فائر کرتے رہتے ہیں اور وہ گوریلا انداز میں سعودی علاقے میں دراندازی کی کوشش بھی کرتے رہتے ہیں۔یمن کے شمال میں واقع اس پہاڑی علاقے میں ماضی میں سعودی فورسز نے حوثی ملیشیا کے خلاف متعدد بڑی کارروائیاں کی ہیں اور ان میں ایران کے حمایت یافتہ سیکڑوں حوثی شیعہ باغیوں کو ہلاک کیا ہے۔