.

امریکا اور برطانیہ کا یمن میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا اور برطانیہ نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کے درمیان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اگر یمن کے متحارب فریق جنگ بندی کو قبول کرتے اور اس کے لیے آگے بڑھتے ہیں تو پھر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد اس سلسلے میں تفصیل طے کریں گے اور یہ اعلان کریں گے کہ اس پر کیسے اور کب عمل درآمد کیا جائے گا۔

انھوں نے اتوار کو لندن میں برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن اور دوسرے عہدے داروں کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ ''اب یمن میں غیر مشروط طور پر جنگ بندی کے نفاذ اور پھر مذاکرات کی میز کی جانب بڑھنے کا وقت آگیا ہے۔ہم یمن میں تشدد کے خاتمے کے لیے اس سے زیادہ زور نہیں دے سکتے ہیں''۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ ''میں ،جانسن اور اسماعیل ولد شیخ احمد یمن میں جتنا جلد ممکن ہو،جنگ بندی کا مطالبہ کررہے ہیں اور یہ جنگ بندی سوموار یا منگل سے ہوجانی چاہیے''۔