.

امریکی ماڈل کے فلیٹ پرمسلح ڈکیتی کی ویڈیو جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی اداکارہ اور ٹی وی پروگراموں کی میزبان کیم کاردیشان کے فرانس میں قیام کےدوران دوہفتے قبل ہونے والی مسلح ڈکیتی کی ویڈیو فوٹیج منظرعام پر آئی ہے۔ شاید یہ امریکی ماڈل کی آج 21 اکتوبر کو ہونے والی سالگرہ کے موقع پر سب سے اچھی خبر بھی ثابت ہو کیونکہ دو ہفتے قبل وہ پیرس میں مسلح ڈاکوؤں کی کارروائی کے دوران 11 ملین ڈالر کی رقم اور ہیرے جواہرات سے محروم ہوگئی تھی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دو ہفتے پیشتر مسلح ڈاکو پیرس میں کیم کاردیشان کی رہائش گاہ میں فجر سے کچھ دیر قبل داخل ہوئے۔ اکیس منٹ کی کارروائی کے دوران نہ صرف انہوں نے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی بلکہ کاردیشان کو زدو کوب بھی کیا۔

اس مسلح ڈکیتی کی تازہ ویڈیو فرانسیسی نیوز چینل M6info کی جانب سے نشر کی گئی ہے جس میں تین مسلح چوروں کو ایک موٹرسائیکلوں پر آتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں مختلف کلپس جوڑے گئے ہیں۔ ایک حصے میں ڈاکوؤں کو موٹرسائیکل پر کیم کاردیشان کی رہائش گاہ کے باہر سے فرار ہوتے دکھایا گیا۔ دوسرے حصے میں انہیں ایک ہوٹل کی طرف دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ویڈیو کے تیسرے حصے میں ایک تصویر دیکھی جاسکتی ہے جس کے نیچے فرار کا وقت 3:09 درج ہے۔

فرانسیسی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکؤوں کے فرار کے لمحات اس ہوٹل کے ایک کونے میں نصب خفیہ کیمروں میں محفوظ ہوئے جس میں کیم کاردیشان نے قیام کیا تھا۔ پہلے تصویر میں ڈاکوؤں کو اس کے کمرے کی طرف جاتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں دو بج کر 19 منٹ کا وقت موجود ہے۔ اسی کیمرے نے ملزمان کے فرار کی بھی عکس بندی کی۔

ویڈیو میں پانچ افراد کی شناخت کی گئی ہے جنہوں نے کیم کارڈیشیان کے کمرے میں گھس کرمسلح ڈکیتی کی۔ تمام ملزمان نقاب پوش تھے۔ ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان مذکورہ ہوٹل کے دائیں جانب فرار ہوئے۔

ٹی وی چینل پر نشر ویڈیو کے علاوہ ایک ویڈیو فرانسیسی پولیس کے پاس بھی ہے جو اس فوٹیج سے مختلف ہے تاہم پولیس کے قبضے میں موجود فوٹیج تاحال سامنے نہیں آئی۔