.

بھارت آیندہ حج پر مربوط موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گا

عازمین حج کو بھارت سے روانگی اور سعودی عرب میں قیام سے متعلق تمام معلومات فراہم ہوں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت آیندہ سال حج کے موقع پر عازمین کے لیے ایک مربوط موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گا۔اس کی تیاری پر اس وقت کام جاری ہے۔

سعودی عرب میں بھارتی قونصل جنرل محمد نور رحمان شیخ نے بتایا ہے کہ ''اس نئی ایپلی کیشن میں بھارتی عازمینِ حج سے متعلق معلومات کے علاوہ بہت سے اضافی فیچرز بھی ہوں گے۔اس میں پرائیویٹ ٹور آپریٹروں ( پی ٹی او) اور حج کمیٹی کے ذریعے آنے والے عازمین حج سے متعلق تمام معلومات ہوں گی''۔

نور رحمان شیخ نے اخبار سعودی گزٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عازمین حج کو ان کی قیام گاہوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک ایپلی کیشن ''انڈین حج اکاموڈیشن لوکیٹر'' کے نام سے متعارف کرائی گئی تھی۔اب اس کا نام تبدیل کرکے ''انڈین حج انفارمیشن سسٹم'' رکھ دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب ہم تمام چیزوں، آن لائن شکایات کے نظام ،وٹس اپ ،ٹویٹر ،ٹال فری نمبر اور ای میل کو ایک ہی سسٹم میں مربوط کر رہے ہیں۔پہلے ہم حج کمیٹی سے حاجیوں سے متعلق تمام ڈیٹا لیتے ہیں اور قونصل خانے اور حج کمیٹی کے سرورز کو باہم مربوط بناتے ہیں۔اب تک اس ایپلی کیشن کو 55 ہزار مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے اور آیندہ حج تک ہمارا ہدف اس تعداد کو دس گنا بڑھانا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ''اپ گریڈ ایپلی کیشن کو استعمال کرنے کے لیے مشن کے عملے کو تربیت دی جائے گی۔اس وقت عازمین حج حجاز مقدس میں آمد کے بعد یہاں سے وطن لوٹنے تک اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں۔اب ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ جونہی کوئی حج کے لیے درخواست دے تو وہ اس کے بعد کے تمام مراحل کے دوران سے فائدہ اٹھا سکے''۔

ان کا کہنا تھا کہ اب چونکہ اسمارٹ فونز کا استعمال عام ہوچکا ہے ،اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ عازمین حج اس ایپ کے ذریعے اپنی درخواست پر پیش رفت یعنی اس کی منظوری ،بھارت سے حج کے لیے روانگی،سعودی عرب میں قیام اور وہاں سے واپسی کی پروازوں کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہوسکیں۔

قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ''آیندہ سال سے حج کے موقع پر بھارتی عازمین کے لیے ای بریسلٹ متعارف کرایا جائے گا۔اس سلسلے میں گذشتہ سال سعودی وزارت حج نے ایک نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا تھا لیکن اس میں تاخیر ہوئی ہے اور ہم اس پر عمل درآمد نہیں کرسکے ہیں۔ہم نے اس سلسلے میں بھارت میں حج کمیٹی کو معلومات سے آگاہ کر دیا ہے۔اس مرتبہ اس پر عمل درآمد کیا جائے گا اور اس کو بھی نئی ایپلی کیشن میں شامل کیا جائے گا''۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں بھارت کے حج مشن نے سب سے پہلے 2014ء کے حج کے دوران گلوبل پوزیشننگ سسٹم ( جی پی ایس) متعارف کرایا تھا اور وہ یہ کام کرنے والا پہلا غیر ملکی حج مشن تھا۔