.

کولمبیا میں مسافر طیارے کے حادثے میں 76 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کولمبیا میں ایک مسافر طیارے کے حادثے میں 76 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔طیارے میں برازیل کی ایک فٹ بال ٹیم سمیت 81 افراد سوار تھے۔ان میں سے پانچ کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

کولمبیا کے ایک علاقائی پولیس کمانڈر ہاؤزے جیرارڈو ایکویڈو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جائے حادثہ سے چھے افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا لیکن ان میں سے ایک بعد میں دم توڑ گیا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 76 ہوگئی ہے۔طیارے میں 21 صحافی بھی سوار تھے جو میچ کی کوریج کے لیے ٹیم کے ساتھ آرہے تھے۔

طیارے کو حادثہ سوموار کی شب کولمبیا کے شہر میڈلین کے نزدیک دیہی پہاڑے علاقے میں پیش آیا تھا۔ وہ بولیویا سے میڈلین آرہا تھا اور اس شہر سے قریباً پچاس کلومیٹر دور سیرو گورڈو کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

اس شہر کے ہاؤزے ماریا کارڈووا ڈی روئنگرو ائیرپورٹ کے حکام نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ طیارے میں 72 مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے۔مسافروں میں برازیل کے ایک مقامی فٹ بال کلب چیپکوئنس ریال کے کھلاڑی شامل تھے اور انھوں نے کولمبیا کی اٹلیٹکو نکیونل کے خلاف بدھ کو جنوبی امریکا کپ کا فائنل میچ کھیلنا تھا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائیٹرز کے ایک فوٹو گرافر نے جائے حادثہ سے بتایا ہے کہ بی اے ای 146 چارٹر طیارہ حادثے کے بعد دو حصوں میں بٹ گیا تھا۔اس کے صرف پَر اور اگلا حصہ ہی قابل شناخت رہ گیا ہے اور پچھلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کولمبیا کے حکام اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں لیکن شدید بارش کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں بار بار خلل پڑا ہے اور امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

طیارے کے تباہ شدہ ملبے سے بچ جانے والوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ برازیلی میڈیا کی اطلاع کے مطابق زندہ بچ جانے والے پانچ افراد میں تین کھلاڑی ہیں۔اس تباہ کن فضائی حادثے کے بعد جنوبی امریکا کی فٹ بال فیڈریشن نے تمام کھیل اور دوسری سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔