.

سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں: سعودی ولی عہد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف نے کہا ہے کہ ان کا ملک اور دوسرے خلیجی ممالک درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

سعودی ولی عہد منگل کے روز دارالحکومت الریاض میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کے پینتیسویں اجلاس کی صدارت کررہے تھے اور وہ بحرین میں گذشتہ ماہ خلیجی ممالک کی پہلی مشترکہ فوجی مشقوں کے کامیابی سے انعقاد کا حوالہ دے رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ''جو لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ملکوں کی سلامتی اور استحکام کو خطرات سے دوچار کرسکتے ہیں یا انھیں ڈرا دھمکا سکتے ہیں تو انھیں جان لینا چاہیے کہ ہم ان کا سخت ترین جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں''۔

لندن سے شائع ہونے والے عرب روزنامے الشرق الاوسط نے ایک خلیجی عہدے دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزرائے داخلہ یمن کی حوثی ملیشیا اور دوسرے انتہا پسند مسلح گروپوں کو پابندیوں کا شکار دہشت گرد تنظیموں کی مشترکہ فہرست میں شامل کرنے کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔