.

روس اور امریکا حلب پر مفاہمت کے لیے ''نزدیک'' آ گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس اور امریکا شام کے شمالی شہر حلب میں ایک مفاہمت کے قریب پہنچ گئے ہیں۔یہ بات روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے جمعرات کو ایک بیان میں کہی ہے۔

روس کی خبررساں ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق انھوں نے کہا ہے کہ ''گذشتہ چند روز کے دوران حلب کی صورت حال کے بارے میں دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا ہے اور ہم ایک مفاہمت پر اتفاق رائے کے نزدیک پہنچ گئے ہیں لیکن میں یہ خبردار کروں گا کہ کوئی زیادہ توقعات وابستہ نہ کی جائیں''۔

قبل ازیں بدھ کو کریملن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حلب سے شامی باغیوں کے انخلاء سے متعلق امریکا اور روس کے درمیان ممکنہ سمجھوتا ابھی تک ایجنڈے پر موجود ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف آج جمعرات کو جرمن شہر ہیمبرگ میں اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کے ساتھ ایک اور ملاقات کرنے والے ہیں۔دونوں نے گذشتہ روز بھی ملاقات میں شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔تاہم اس بات چیت میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔