.

کِم کارداشیان کے شوہر نے ٹرمپ سے کیوں ملاقات کی ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی میڈیا کے مطابق ٹی وی اسٹار کم کارداشیان کے شوہر کانئیے ویسٹ نے نیویارک کے ٹرمپ ٹاور میں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ تقریبا 15 منٹ دورانیے کی اس ملاقات کی وڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

کانئیے ویسٹ کی ٹرمپ سے ملاقات منگل کے روز ہوئی اور کارداشیان کو اپنے شوہر کے اس اقدام سے کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوئی بالخصوص جب کہ وہ صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن کی حامی تھیں۔

ذرائع نے "یو ایس ویکلی" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں افراد نے انتخابات میں دو علاحدہ شخصیات کو ووٹ دیا البتہ کارداشیان اپنے شوہر کی جانب سے اس ملاقات کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں.. اور ملاقات کا پیشگی علم ہونے کے باوجود انہوں نے اس امر پر کسی طور حیرت کا اظہار نہیں کیا۔

ملاقات کی وجوہات

کانئیے ویسٹ نے ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کی وجوہات کو ٹوئیٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کا تعلق "کثیر ثقافتی امور" پر بات چیت سے ہے۔ ویسٹ نے ملاقات سے ذرا قبل تبصرے میں لکھا کہ " ملاقات میں جن امور پر بات کرنا چاہتا ہوں ان میں اساتذہ کو درپیش پریشانیاں ، ان کے لیے سپورت ، نصابوں کو جدید بنانا اور شکاگو میں تشدد شامل ہے"۔

میڈیا میں آںے والی وڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ دوپہر کے وقت ٹرمپ ٹاور میں داخل ہوتے ہوئے کس طرح تمام آنکھیں کانئیے ویسٹ پر ہی جمی ہوئی تھیں۔ ویسٹ نے ٹرمپ سے ملاقات کی اور پھر نو منتخب صدر کے ذاتی دفتر کے ساتھ واقع راہ داری میں ٹرمپ کے ہمراہ یاد گاری تصویر لی۔

اپنے ٹوئیٹس کے اختتام پر ویسٹ نے عندیہ دیا کہ وہ 2024 میں خود کو امریکی صدارت کے لیے نامزد کر سکتے ہیں جب کہ ٹرمپ اس دوران ممکنہ طور پر اپنی دو مدتیں پوری کر چکے ہوں گے۔ اگر واقعتا ایسا ہو گیا اور ویسٹ کامیاب ہو گئے تو کارداشیان 8 برس بعد امریکا کی خاتونِ اوّل بن جائیں گی۔

قیاس آرائیاں اور چہ مگوئیاں

امریکی گلوکار کے ٹرمپ ٹاور میں داخل ہونے اور بالخصوص ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے ساتھ نظر آنے پر عمارت کے اطراف اور وہاں آنے جانے والے افراد میں چہ مگوئیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

لوگ اونچی آواز سے پوچھ رہے تھے " وہ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے کیوں جا رہا ہے ؟" تاہم ویسٹ لوگوں کو نظر انداز کرتے ہوئے لفٹ میں سوار ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر سرگرم حلقوں میں یہ بحث چل نکلی کہ اس ملاقات کا کوئی غیر اعلانیہ مقصد بھی ہے.. ہوسکتا ہے ٹرمپ اپنی حکومت میں ویسٹ کے لیے کسی منصب کی تیاری کر رہے ہوں بالخصوص جب کہ ابھی بہت سے منصب خالی بھی ہیں۔

آخرکار ٹرمپ اور ویسٹ ایک ساتھ نمودار ہوئے اور انہوں نے راہ داری میں تصاویر بنوائیں۔ اس کے بعد وہاں موجود صحافیوں کے سوالات کا جواب دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ " ہم طویل عرصے سے دوست ہیں"۔ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کب سے دوست ہیں تو ان کا جواب تھا "ہمیشہ سے"۔

ویسٹ سے پوچھا گیا کہ وہ یہاں کیوں موجود ہیں تو انہوں نے ازراہ مذاق جواب دیا " میں یہاں محض ٹرمپ کے ساتھ تصاویر بنوانے آیا ہوں"۔