.

کیا آپ اس لڑکھڑاتے کپتان کے ساتھ سفر کریں گے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

انڈونیشیا میں کم بجٹ کی ایک فضائی کمپنی "سِٹی لنک" نے اپنے ایک ہواباز کو نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔ مذکورہ انڈونیشی ہواباز کو سکیورٹی چیک پوسٹ پر لڑکھڑاتے ہوئے اور کاک پِٹ میں نا سمجھ آنے والی باتیں کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد مسافروں میں خوف پھیل گیا تھا۔

فضائی کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ آیا 32 سالہ ہوا باز Tekad Purna طیارے میں سوار ہونے سے قبل منشیات یا شراب کےنشے کے زیرِ اثر تھا۔

یوٹیوب پر جاری سکیورٹی کیمرے کی وڈیو میں ظاہر ہوتا ہے کہ طیارے کے ہواباز پورنا کو جاوا جزیرے کے مشرق میں سورابایا کے ہوائی اڈے پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر نقل و حرکت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ جکارتا جانے والی پرواز کے کپتان کے ہاتھ سے سامان کئی مرتبہ چھوٹ کر زمین پر گرا اور سکیورٹی اہل کاروں کو مدد کے لیے آنا پڑا۔

طیارے کے کاک پٹ سے اعلان کے دوران ہوا باز نے ناسمجھ آںے والے جملے ادا کیے جس پر مسافروں نے شور مچا دیا۔ بہر کیف تقریبا آدھے گھنٹے کی تاخیر سے طیارہ ایک دوسرے ہوا باز کے ساتھ روانہ ہوگیا مگر کئی مسافروں نے سفر کرنے سے انکار کر دیا اور طیارے سے باہر آگئے۔

فضائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق "داخلی تحقیقات کے نتائج اس امر کے لیے کافی ہیں کہ انتظامیہ کی جانب سے ہوا باز اور اس کے افعال کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں"۔

واقعے کے بعد کمپنی کے ایگزیکٹو مینجنگ ڈائریکٹر ایلبرٹ برہان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تاہم انتظامیہ نے ابھی تک اس سلسلے میں فیصلہ نہیں کیا۔