.

ایپل کی سعودی عرب میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی کثیر قومی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے سعودی عرب میں ٹیکنالوجی فنڈ کی مد میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی تصدیق کردی ہے۔

یہ سرمایہ کاری سوفٹ بنک وژن فنڈ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔یہ فنڈ جاپان کے سوفٹ بنک گروپ کارپوریشن اور سعودی سرکاری سرمایہ کاری فنڈ نے مشترکہ طور پر قائم کیا ہے۔اس کی کل مالیت ایک سو ارب ڈالرز ہوگی۔

سوفٹ بنک کا کہنا ہے کہ وہ اس فنڈ کے لیے کم سے کم 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔ وہ سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ سے مزید رقوم دینے کے لیے بھی بات چیت کررہا ہے اور اس کی مالیت بڑھا کر45 ارب ڈالرز کی جاسکتی ہے۔

ایپل کمپنی کے ترجمان جوش روزنسٹاک نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''ہمیں یقین ہے کہ نئے فنڈ سے ٹیکنالوجیز کی ترقی کا عمل تیز ہوگا اور یہ تزویراتی لحاظ سے ایپل کے لیےبھی اہم ہوگا''۔

سوفٹ بنک کا بھی کہنا ہے کہ وہ اپنے طور سرمایہ کاری کے بجائے ٹیکنالوجی فنڈ کے ذریعے مستقبل میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔دسمبر میں رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی تھی کہ ایپل نے سوفٹ بنک کے ساتھ سرمایہ کاری کے بارے میں بات چیت کی تھی اور سوفٹ بنک نے بھی ایپل کی سرمایہ کاری کی تصدیق کی تھی۔

سوفٹ بنک کے ایک افسر تعلقات عامہ بنیامین اسپائس ہینڈلر نے بتایا تھا کہ فاکس کان ،اوریکل کے بانی خاندان لیری ایلسن کے دفتر اور چپ ساز قوالکام نے بھی اس فنڈ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔