.

سفارت کاروں کی ہلاکت پر شاہ سلمان کا امارات سے اظہار افسوس

سفارت کاروں کا قتل غیرانسانی اور غیر اسلامی ہے: شاہ سلمان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گذشتہ روز افغانستان کے شہر قندھار میں متحدہ عرب امارات کے پانچ سفارت کاروں کی ایک بم حملے میں ہلاکت کے واقعے پر سعودی عرب نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے امارات کی قیادت سے مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ابو ظہبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفون پر قندھار میں سفارت کاروں پرحملے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز افغانستان کے صوبہ قندھار میں ایک بم دھماکے پانچ اماراتی سفارت کار جاں بحق ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ قندھار گورنر کی جانب سے ایک دعوتی تقریب کے دوران ہوا جس میں کم سے کم 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان میں امارات کے پانچ سفارت کار بھی شامل تھے۔ واقعے میں اماراتی سفیر محفوظ رہے تھے۔

سعودی عرب کی پریس ایجنسی ’واس‘ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اماراتی ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان سے قندھار میں دہشت گردانہ واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے قندھار میں سفارت کاروں پر حملے کوغیر انسانی اورغیر اسلامی کارروائی قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے خادم الحرمین کی طرف سے سفارت کاروں کے قتل کے واقعے پر ہمدردی کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔