''پاگل کتا'' امریکا کا وزیر دفاع بن گیا ، اب کیا ہوگا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکا کے ''پاگل کتے'' کی عرفیت سے معروف نئے وزیر دفاع جیمز میٹس نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے ہفتے کے روز ان سے آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ میں واقع اپنے دفتر میں ان سے حلف لیا۔

میرینز کے سابق جنرل جیمز میٹس حلف برداری کے بعد عہدہ سنبھالنے والے صدر ٹرمپ کے پہلے وزیر ہیں۔امریکی سینیٹ نے جمعے کے روز ان کی بطور وزیر دفاع اور جان کیلی کی بطور وزیر داخلہ (ہوم لینڈ سکیورٹی) نامزدگی کی توثیق کردی تھی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد سینیٹ نے جیمز میٹس کو کثرت رائے سے محکمہ دفاع پینٹاگان کا نیا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔سینیٹ کے 98 ارکان نے ان کے حق میں ووٹ دیا اور صرف ایک نے مخالفت کی۔ سینیٹ کے 88 ارکان نے جان کیلی کی داخلی سلامتی کے سیکریٹری (وزیر) کی حیثیت سے منظوری دی تھی۔11 ارکان نے ان کی مخالفت کی۔

سینیٹ نے گذشتہ سوموار کو ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد ری پبلکن پارٹی کے ایوان نمائندگان کے رکن مائیک پومپیو کو سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی ( سی آئی اے) کا ڈائریکٹر مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔سینیٹ کے 89 ارکان نے ان کی نامزدگی کی توثیق کی تھی اور آٹھ نے ان کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

ان کے پیش رو سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان برینن جمعہ کو مستعفی ہوگئے ہیں۔انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے انتخابی نعروں پر مبنی تند وتیز بیانات پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔خاص طور پر ایران سے جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کی مخالفت کی تھی جبکہ وہ خود بھی حالیہ صدارتی انتخابات میں روسی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت اور سرکردہ ڈیمو کریٹس کی برقی مراسلت میں دراندازی پر تنقید کی زد میں آئے تھے۔

واضح رہے کہ ری پبلکن پارٹی کو ایک سو ارکان پر مشتمل سینیٹ میں 52 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔تاہم ان کی ڈیمو کریٹک پارٹی کے ارکان سے صدر ٹرمپ کے نامزد کردہ وزراء اور دوسرے اعلیٰ عہدہ داروں کی منظوری کے معاملے پر کھٹ پٹ بھی چل رہی ہے اور انھوں نے ڈیمو کریٹس پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ کابینہ کے ارکان کی منظوری کے عمل میں سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں جبکہ ڈیمو کریٹس نے ان کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ری پبلکنز نامزد عہدہ داروں کی منظوری کے لیے بڑی عجلت میں ہیں اور وہ مالیات اور اخلاقیات سے متعلق معلومات فراہم کیے بغیر ہی سینیٹ سے فوری منظوری چاہتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں