.

’داعش‘ جیسا شر دنیا نے کبھی نہیں دیکھا: ٹرمپ

’سی آئی اے‘ ہیڈ کواٹرکا پہلا دورہ، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس دہشت گردی کو کچلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’داعش‘ جیسا شر آج تک دنیا نے نہیں دیکھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خیالات کا اظہار امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے’CIA‘ کے ہیڈ کواٹر کے دورےکے موقع پر کیا۔ سی آئی اے ہیڈ کواٹر کے دورے کے دوران امریکی نائب صدر مایک بنس بھی ان کےہمراہ تھے۔

نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکی سراغ رساں اداروں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ امریکی شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں خفیہ اداروں کا کلیدی کردار ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے باضابطہ طور پراقتدار سنھبالنے کے بعد پہلے روز ’سی آئی اے‘ ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ اس سے قبل وہ خفیہ اداروں کو انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزامات پرسخت تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

وائیٹ ہاؤس کے ترجمان شون سپائسر کا کہنا تھا کہ صدر ’سی آئی اے‘ کے ورجینا میں قائم صدر دفتر کے دورے کے دوران 300 اہم شخصیات کی موجودگیی میں خفیہ ادارے کے تعاون پر اس کا شکریہ ادا کریں گے۔

ایک ٹوئٹر بیان میں ترجمان نےے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انٹیلی جنس اداروں سے وابستہ مردو خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کی سبکدوش حکومت نے الزام عاید کیا تھا کہ روس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کے لیے گذشتہ برس ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی۔ امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹس میں بھی اس دعوے کو درست قرار دیا گیا تھا جس کےبعد ٹرمپ اور سی آئی اے کے درمیان تناؤ پیدا ہوا تھا۔