.

جرمنی : مشتبہ مواد ملنے پر ہیمبرگ کا ہوائی اڈا بند ،50 افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے ہوائی اڈے کو نامعلوم مشتبہ زہریلا مواد ملنے پر پروازوں کی آمد ورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس مواد سے پچاس سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کی خاتون ترجمان نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز ہوائی اڈے پر معمول کے سکیورٹی چیک کے دوران سب سے پہلے اہلکاروں نے اپنی آنکھوں میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ اہلکاروں کے علاوہ مسافروں کی آنکھوں سے بھی اس مشتبہ مواد کے نتیجے میں پانی بہنا شروع ہوگیا تھا۔انھوں نے بتایا ہے کہ اس مواد کی بُو تیز تھی۔

جرمنی کے فائر فائٹروں نے ہیمبرگ کے ہلیمٹ شمیدٹ ہوائی اڈے سے سیکڑوں مسافروں کو نکال لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق نامعلوم زہریلا مواد ممکنہ طور پر ہوائی اڈے کے ائیر کنڈیشننگ نظام سے پھیلا ہے۔

ہوائی اڈے کی خاتون ترجمان کیرن اسٹین نے بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے تک تمام پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے اور ہوائی اڈے کے بیشتر حصوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

جرمن خبررساں ایجنسی ڈی پی اے نے اطلاع دی ہے کہ پچاس سے زیادہ افراد نے سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں سے پانی بہنے کی شکایت کی ہے۔ڈاکٹر ہوائی اڈے کے باہر مختص جگہ پر ان کا معائنہ کررہے تھے اور انھیں اسپتال منتقل کرنے کا بھی جائزہ لے رہے تھے۔ائیرپورٹ سے نکالے گئے افراد کو شدید سردی میں ٹرمینلز کے باہر انتظار کرنا پڑا ہے۔