.

شاہ سلمان کی قیادت میں جی سی سی سے تمام عرب مستفید ہوں گے : شیخ محمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم ، نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) عرب اور علاقائی سطح پر ایک مثبت کردار ادا کرے گی۔

انھوں نے یہ بات دبئی میں منعقدہ عالمی حکومت کانفرنس میں اتوار کے روز تقریر کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ آیندہ چار سال کے دوران میں جی سی سی کی کامیابیاں کونسل کی گذشتہ چالیس سال کی کامیابیوں کا تتمہ ثابت ہوں گی''۔

یو اے ای کے نائب صدر نے کہا کہ متعدد میڈیا نیٹ ورکس گذشتہ چند برسوں کے دوران میں مختلف عرب ممالک میں عدم استحکام کو شہ دینے کے ذمے دار رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ''بعض عرب میڈیا نے انقلابوں کی حوصلہ افزائی کی اور انھیں ہوا دی ہے۔ اس وقت 1300 ایسی تنظیمیں موجود ہیں جو 30 ارب ڈالرز کی لاگت سے فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے اور انتشار پھیلانے کے لیے کام کر رہی ہیں''۔

شیخ محمد بن راشد کے بہ قول امریکا کی سابق انتظامیہ نے کئی ایک غلطیوں کا ارتکاب کیا تھا۔اس نے بہ شمول دیگر غلطیوں کے عرب بہار اور عراق پر چڑھائی کی حمایت کی تھی۔