.

امریکا : خاتون کے ہاتھ کی اُنگلی کاٹنے والے شخص کو جیل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی ریاست وِسکونسن میں ایک خاتون کے ہاتھ کی اُنگلی کاٹ دینے والے نوجوان کو 3.5 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ گزشتہ برس اگست میں 25 سالہ جوناتھن شریپ نے اپنے گھر پر دیگر تین افراد کے ساتھ ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کا مقصد ایک ہِپ ہوپ میوزک گروپ سے تعلق رکھنے والے اپنے ایک دوست کی یاد منانا تھا جو 2015 میں فوت ہو گیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ تقریب کے دوران جوناتھن نے ایک خاتون کے بازو میں گہرا زخم لگا کر اس سے رِسنے والا خون ایک گلاس میں جمع کر کے پی ڈالا۔ اس کے بعد اُس نے خاتون کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی کو پورا کاٹ دیا۔

تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ جوناتھن نے خاتون کی اُنگلی کو لے کر اپنے فریزر میں رکھ دیا اور اُس کو پکا کر کھانے کا ارادہ ظاہر کیا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اُس نے رضاکارانہ طور پر اپنے بازو میں چیرا لگانے اور اپنی اُنگلی کٹوانے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ امریکی میڈیا کے مطابق واقعے کے پیش آنے کے وقت یہ خاتون کسی طور بھی نشے کے زیرِ اثر نہیں تھی۔

تقریب میں شریک افراد کے گروپ نے خاتون کے ہاتھ سے بہنے والے خون کے فوارے کو بند کرنے کے لیے گاڑی کے لائٹر کو استعمال کیا اور بعد ازاں اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال کے ملازمین نے فوری طور پر پولیس کو طلب کر لیا۔