.

بحرین میں دہشت گردی کا سیل بے نقاب ، 25 مشتبہ افراد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین نے دہشت گردی کے ایک سیل کو بے نقاب کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے وابستہ پچیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ سولہ کے خلاف ان کی عدم موجودگی میں فرد الزام عاید کی گئی ہے۔

العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق اس سیل سے وابستہ مشتبہ افراد نے بحرین میں دہشت گردی کی چھے کارروائیاں کی تھیں۔ ذرائع نے العربیہ کو بتایا ہے کہ ’’ دہشت گردوں کے اس سیل نے ایران سے رابطے کے ذریعے بحرین میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے قتل کی سازش کی تھی‘‘۔

ان مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیاں کی گئی ہیں۔اس دوران میں سکیورٹی فورسز کو ان کے قبضے سے متعدد ہتھیار ،گھریلو ساختہ دھماکا خیز مواد اور گولہ بارود بھی ملا ہے۔

ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد میں سے ایک نے اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ وہ جرمنی میں مقیم اپنے لیڈر (سرغنہ) سے ہدایات لیتے تھے اور وہی ان کے بحرین سے ایران اور عراق جانے اور وہاں سے واپس آنے کے لیے سفری اخراجات کا بندوبست کیا کرتا تھا۔