.

شاہ سلمان کی ایشیائی ملکوں کے دورے کے اگلے مرحلے میں جاپان آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایشیائی ملکوں کے دورے کے اگلے مرحلے میں اتوار کے روز جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچ گئے ہیں۔

شاہ سلمان سوموار کو جاپانی وزیراعظم شینزو ایبی سے ملاقات کریں گے اور ان سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع ، توانائی کے شعبے میں تعاون ،سعودی عرب کے ویژن 2030ء ،تجارتی شراکت داری ،باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ جاپان کے شہنشاہ اکی ہیٹو سے بھی ملاقات کریں گے۔

جاپان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’جاپانی حکومت شاہ سلمان کے دورے کا والہانہ خیر مقدم کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے‘‘۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ایک ماہ کے طویل غیرملکی دورے پر ہیں۔ انھوں نے اس سے پہلے مارچ کے اوائل میں جنوب مشرقی ایشیا میں واقع تین اسلامی ملکوں ملائشیا ، انڈونیشیا اور برونائی دارالسلام کا دورہ کیا ہے۔ وہ جاپان کے بعد چین ،مالدیپ اور اردن جائیں گے اور ان ممالک کے لیڈروں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات ،مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔