.

سعودی عرب کا خطے میں اہم کردار ہے: جاپانی وزیراعظم

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا جاپان کا حالیہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل تھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان کے وزیر اعظم شینزو ایبی نے العربیہ نیوز چینل سے ایک خصوصی اںٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی عرب کا خلیج کے خطے میں اہم کردار ہے اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا جاپان کا حالیہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ کسی سعودی شاہ نے 46 سال کے بعد جاپان کا یہ دورہ کیا ہے۔

شینزو ایبی کا کہنا ہے کہ ان کے سعودی عرب کے شاہی خاندان سے 1971ء سے مضبوط خاندانی روابط استوار ہیں۔ تب مرحوم شاہ فیصل جاپان کے دورے کے موقع پر شینزو ایبی کے دادا اور اس وقت جاپان کے وزیراعظم نوبو سوکی کیشی کے گھر بھی آئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ انھوں نے اپنے وزارت عظمیٰ کے دونوں ادوار میں دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور وہ ذاتی طور پر سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔دونوں ممالک میں یہ شراکت داری تیل اور توانائی کی سکیورٹی سے آگے بڑھ کر اب معیشت ،تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی تک جا پہنچی ہے۔

سعودی ،جاپان تعاون

وزیراعظم شینزو ایبی نے العربیہ نیوز چینل کے جنرل مینجر ترکی الدخیل سے خصوصی گفتگو میں یہ نشان دہی کہ اب سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تعاون کے فریم ورک میں خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی منظرنامے میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور بھی شامل ہوچکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سعودی مملکت اپنی نوجوان آبادی کی بدولت روشن اور جدید انسانی وسائل سے مالا مال ہے۔جاپان اس عظیم ذریعے سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور سعودی حکومت کی جانب سے وضع کردہ ترقیاتی پروگراموں میں معاونت کا خواہاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جاپان اور سعودی عرب دونوں ایک دوسرے کے متنوع وسائل اور ترقی سے مکمل فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

جاپانی وزیراعظم نے بتایا کہ ’’ سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے گذشتہ سال ستمبر میں جاپان کے دورے کے موقع پر ایک فریم ورک سمجھوتا طے پایا تھا۔اس کو ہم نے سعودی جاپان وژن 2030 کا نام دیا تھا‘‘۔

اس مشترکہ وژن کا مقصد سعودی عرب کے وژن 2030 کی روشنی میں کام کرنا تھا تاکہ سعودی مملکت کی تیل کی آمدن پر انحصار کم کرنے اور معیشت کو متنوع بنانے کے لیے مدد کی جاسکے۔اس کے علاوہ جاپان کی اقتصادی ترقی کے لیے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شینزو ایبی کا کہنا تھا کہ خلیج کے خطے میں امن اور استحکام یقینی طور پر ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان کا ملک عربوں کے آباء واجداد کی دانش کو سراہتا ہے جن کا کہنا تھا کہ ’’اعتدال پسندی ہی میں خیر‘‘ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جاپان کی نظر میں سعودی مملکت کا خطے میں اہم کردار ہے۔