.

ملائشین طالبات نے مصری اہل محلہ کے دل کیسے جیتے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں زیر تعلیم تین ملائشین طالبات نے غیر معمولی شہری ذمہ داری کا ثبوت دے کر سوشل میڈیا پر فقید المثال پذیرائی حاصل کر لی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے قاہرہ میں اپنے نمائندہ کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ مصر کے شمالی شہر المنصورہ میں جامعہ الازہر سے ملحقہ اسلامک اسٹڈیز کالج میں زیر تعلیم تین ملائشین طالبات کا معمول ہے کہ وہ ہر روز صبح یونیورسٹی جانے سے قبل اپنے محلے کی گلی میں جھاڑو لگاتی ہیں تاکہ ان کی گلی صاف ستھری دکھائی دے۔

تینوں ملائشین طالبات کو جامعہ الازہر کے ہاسٹل میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے کیمپس سے دور رہائش اختیار کرنا پڑی، تاہم انہوں نے اپنے ذمہ دارانہ رویے اور حسن سلوک سے پورے محلے کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے کیونکہ وہ انتہائی صفائی پسند ہیں ۔ تینوں طالبات یونیورسٹی جانے سے پہلے محلے میں جھاڑو لگاتی ہیں، حالانکہ محلے کا کوئی اور فرد ان کے اس کام میں مدد نہیں کرتا۔

ملائشین طالبات کی صفائی کے دوران لی جانے والی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر ان پر داد و تحسین کے ڈونگرے برسائے جا رہے ہیں اور وہ راتوں رات مشہور ہو گئیں ہیں۔ ان کی تصاویر ایھاب سالم نوجوان نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں جس میں وہ گلی کے اندر صفائی کرنے کے بعد کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگاتی دیکھی جا سکتی ہیں۔

یونیورسٹی میں شعبہ ادب کے ڈین ڈاکٹر رضا السید احمد نے ان طالبات کی تصاویر اپنے فیس بک بیچ پر پوسٹ کرتے ہوئے ان کی خوب تحسین کی ہے، جسے بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔