.

حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر داغے بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی فوج کے ائر ڈیفنس یونٹ نے یمن کے اس پار سے باغی حوثیوں کی جانب سے جنوبی ریجن خمیس مشیط اور ابھا شہروں پر داغے جانے والے چار بیلسٹک میزائل فضا ہی میں ناکارہ بنا دیئے۔ یہ میزائل منگل کے روز داغے گئے، جن سے کسی قسم کا جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔

"العربیہ" کے جنگی وقائع نگار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے چار بیلسٹک میزائل منگل کے روز صبح سات بجے سعودی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ سعودی ائر ڈیفنس نے ان میزائلوں کو ایک ہی آن میں اپنے دفاعی سسٹم کو روبعمل لاتے ہوئے فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ ادھر عرب اتحادی فوج میں شامل لڑاکا طیاروں نے اگلے ہی لمحے اڑان بھری اور تباہ کئے جانے والے میزائلوں کے متحرک لانچنگ پیڈز کو تباہ کر دیا، جنہیں حوثی باغی میزائل فائر کرنے کے بعد ایک غار میں چھا رہے تھے۔

"العربیہ" نے حوثیوں کے تباہ کئے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے ٹکڑوں پر مبنی ویڈیو اپنے ذرائع سے حاصل کر لی ہے جو اس رپورٹ کے ہمراہ دیکھی جا سکتی ہے کہ کیسے سعودی ائر ڈیفنس فضا میں میزائل کامیابی سے تباہ کرتے ہیں۔

حوثی ملیشیا سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر واقع سعودی شہروں اور علاقوں کو جان بوجھ کر بیلسٹک میزائل کا نشانہ بناتے رہتے ہیں، جنہیں سعودی ڈیفنس فورسز کامیابی سے تباہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔

گذشتہ مہینے شاہی فوج کے ائر ڈیفنس یونٹ نے سعودی سرحد پر عسیر کے علاقے پر حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والا بیلسٹک میزائل تباہ کیا تھا جس کے بعد اتحادی لڑاکا طیاروں سے یمن کے اندر سے ان میزائلوں کو داغنے والے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔