.

ہر طرح کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں: شاہ سلمان

سینٹ پیٹرزبرگ میں دہشت گردی، شاہ سلمان کا روسی صدر پوتن سے اظہار افسوس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں گذشتہ روز ایک میٹرو اسٹیشن میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل قابل مذمت ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی فرمانروا کی طرف سے روسی صدر ولادی میر پوتن کے نام جاری کردہ ایک برقی مراسلے میں سینٹ پیٹرز برگ میں ہونے والے بم دھماکوں کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔

خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے صدر پوتن کے نام جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں سینٹ پیٹرز برگ میں ایک میٹرو اسٹیشن میں ہونے والے بم دھماکوں پر گہرا دکھ اور رنج پہنچا ہے۔ ہم اس مجرمانہ خونی واردات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی ہر شکل کو مسترد کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب مشکل کی اس گھڑی میں روسی حکومت اور قوم کے ساتھ ہے۔ توقع ہے کہ سینٹ پیٹرزبرگ کے تازہ واقعے سے دہشت گری کے خلاف جنگ میں روس کے کردار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔

شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ خود سعودی عرب بھی منظم دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔ دہشت گردی کی ہرسطح اور شکل کی مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گردی جہاں اور جیسی بھی ہو قابل مذمت اور انسانیت دشمنی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ہونے والے بم دھماکوں میں ایک درجن کے قریب افراد مارے گئے تھے۔