.

’مخصوص لابی مصر، سعودی تعلقات میں شبہات پیدا کررہی ہے‘

سعودی اور مصری وزراء خارجہ کی الریاض میں مشترکہ پریس کانفرنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ مملکت کے مصر کے ساتھ تعلقات میں شکوک وشبہات میں کوئی صداقت نہیں اور دونوں برادر مسلم ملکوں کے درمیان تعلقات پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہیں۔

العربیہ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ الجبیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

عادل الجبیر نے کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران ذرائع ابلاغ میں سعودی عرب اور مصر کےدرمیان تعلقات پر شکوک وشبہات پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ دونوں برادر مسلم ملکوں کے باہمی تعلقات میں شکوک وشبہات کی کوئی گنجائش نہیں۔ دونوں ملک تاریخی تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ انھوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ سعودی عرب ان کا دوسرا وطن ہے۔ ہم اس تاریخی اور تعمیری ملاقات پر مصری قیادت کے شکر گذار ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ انھوں نے سامح شکری سے ملاقات میں شام، عراق، یمن اور لیبیا جیسے فوری اور حل طلب مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ عرب ممالک میں جاری شورش کے حوالے سے سعودی عرب اور مصر کا موقف ایک ہے۔

اس موقع پر مصری وزیرخارجہ سامح شکری نے کہاکہ سعودی عرب اور مصر کی منزل ایک ہے۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے رابطے جاری رکھنے اور تعاون کو فروغ دینے سےاتفاق کیا ہے۔

مصری وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور مصر کا عرب اقوام کی سلامتی سے متعلق موقف میں ہم آہنگی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں وزراء خارجہ کےدرمیان ماضی میں ہونے والی ملاقاتوں پر بھی مختصر تبادلہ خیال کیا گیا۔