.

بحرین : 36 افراد کو تین سال سے عمرقید تک سزائیں ،شہریت منسوخ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین میں ایک عدالت نے چھتیس افراد کو ایک دہشت گرد گروپ کی تشکیل کے الزام میں قصور وار ثابت ہونے پر تین سال سے عمرقید تک جیل کی سزائیں سنائی ہیں اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق ان میں سے تین افراد کو عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ باقی مجرموں کو تین سے دس سال تک قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

مدعاعلیہان پر ایک غیر قانونی گروپ تشکیل دینے کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔یہ گروپ دہشت گردی کے ذریعے ملک کے آئین اور قوانین کو سبوتاژ کرنا چاہتا تھا۔

ان پر کسی اجازت نامے کے بغیر دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں بھی فرد جرم عاید کی گئی تھی۔عدالتی ذرائع کے مطابق مدعا علیہان نے ہنگاموں اور توڑ پھوڑ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعتراف کیا تھا۔