.

ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زاید کی وائٹ ہاؤس میں آج صدر ٹرمپ سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ابو ظبی کے ولی عہد محمد بن زاید آج سوموار کو وائٹ ہاؤس ،واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کررہے ہیں۔

ان کی یہ ملاقات سعودی عرب کی میزبانی میں اسی ماہ امریکا،عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے قبل ہورہی ہے۔اس اجلاس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ عرب اور بعض اسلامی ممالک کے سربراہان سے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورت حال اور ایران کی خطے کےبعض ممالک میں مداخلت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

امریکی صدر آیندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے ۔اس کے بعد وہ اسرائیل اور ویٹی کن جائیں گے ۔ یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اس دورے کا مقصد خطے میں ایران کی پالیسیوں کا توڑ کرنے کے لیے ایک اتحاد تشکیل دینا ہے۔

انھوں نے امریکی نشریاتی ادارے این بی سی سے انٹرویو میں کہا کہ ایران کا مقابلہ کرنا اب ایک ضرورت بن چکا ہے۔انھوں نے اس رائے کا اظہار کیا کہ ’’مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک ، تمام عرب اقوام اور دوسرے ممالک میں بھی ایران کی خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والی سرگرمیوں کے بارے میں ایک وسیع تر اتفاق رائے پایا جاتا ہے‘‘۔