.

امریکا اور خلیجی ممالک میں دہشت گردی کے لیے رقوم پر پابندی سے متعلق سمجھوتا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا اور خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے درمیان دہشت گردی کے مقاصد کےلیے استعمال ہونے والی رقوم کی منتقلی اور اس پر پابندی سے متعلق ایک سمجھوتا طے پا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سعودی دارالحکومت الریاض میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے موقع پر امریکی اور چھے خلیجی عرب ممالک کے حکام نے مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط کیے ہیں۔

امریکی صدر اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب میں ہیں اور آج اتوار کو وہ عرب ،اسلامی ،امریکی سربراہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔وہ اس موقع پر دہشت گردی کے موضوع پر ایک تقریر کریں گے اور وہ دنیا کے تمام مسلمانوں سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مدد کی اپیل کریں گے۔

اس سے پہلے انھوں نے چھے خلیجی عرب ممالک بحرین ، کویت ،قطر ،اومان ،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سربراہوں سے ملاقات کی ہے اور ان سے خلیج اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ اور خطے میں درپیش تنازعات کے خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔