.

حملہ آوروں نے "جعلی" بارودی بیلٹیں باندھ رکھی تھیں : برطانوی پولیس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی پولیس نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ لندن میں بورو مارکیٹ میں متعدد افراد کو چاقو کے واروں کا نشانہ بنانے والے تینوں حملہ آوروں (جن کو پولیس نے ہلاک کر دیا) نے جعلی بارودی بیلٹیں باندھ رکھی تھیں۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کے اہل کاروں نے "فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بہادری کے ساتھ ان تینوں حملہ آوروں کو قابو کر لیا جو لندن بِرج سے متصل علاقے بورو مارکیٹ میں مارے گئے"۔ حملہ آوروں نے پہلے ایک چھوٹی ویگن کے ساتھ لوگوں کو کچل ڈالنے کی کوشش کی تھی۔

پولیس کو اطلاع کے لیے کی جانے والی پہلی فون کال کے بعد آٹھ منٹوں کے اندر ہی تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد نے بارودی جیکٹیں پہن رکھی تھیں جن کے بارے میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ جعلی تھیں۔

لندن حملے میں 6 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 48 زخمی ہوئے جن کو شہر کے پانچ مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے بیان واضح کیا گیا ہے کہ ہفتے کی شب مقامی وقت کے مطابق 10:08 موصول ہونے والی کال میں لندن بِرج پر ایک ویگن کے ذریعے مجمع کو کچلنے کی اطلاع دی گئی۔ بعد ازاں اس ویگن نے بورو مارکیٹ کا رخ کر لیا۔

حملہ آوروں نے وہاں ویگن سے اُتر کر ایک پولیس افسر سمیت کئی افراد کو چاقو کے واروں کا نشانہ بنایا ، پولیس افسر کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں۔

برطانوی پولیس نے آنے والے دنوں میں لندن میں اپنے اہل کاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے جب کہ آٹھ جون کو ملک میں عام انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ تین ماہ سے بھی کم عرصے میں برطانیہ میں یہ تیسرا دہشت گرد حملہ ہے۔