.

امریکیوں کے اقدام قتل کے جرم میں کویتی عدالت سے مصری کو عمر قید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت کی ایک مقامی عدالت نے گذشتہ برس امریکی فوجیوں کے قتل کی کوشش کےالزام میں ایک مصری کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کویت کی ایک مقامی فوج داری عدالت نے کویت میں مقیم 20 سالہ مصری ملزم جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی کو اکتوبر 2016ء کو امریکی فوجیوں پرقاتلانہ حملے کی کوشش کے جرم میں عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ملزم کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔ عدالت کا یہ فیصلہ ابتدائی نوعیت کا ہے اور ملزم کو اس کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس میں بتایا ہے کہ 28 سالہ ملزم ابراہیم سلیمان نے گذشتہ برس اپنا ٹرک امریکی فوجیوں کی گاڑی سے ٹکرانے کی کوشش کی تھی تاہم اس واقعے میں کسی امریکی فوجیوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کویتی پراسیکیوٹر جنرل نے اس وقت بھی ملزم پر امریکی فوجیوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی کا الزام عاید کیا گیا تھا۔

کویتی پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کی گاڑی سے داعش کے نظریات پر مشتمل لٹریچر بھی قبضے میں لیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک بارودی جیکٹ بھی قبضے میں لی گئی جس کے نتیجے میں یہ شبہ ہوتا ہے کہ وہ کسی بڑی دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔