.

قطر امیرِ کویت کی مصالحانہ کوششوں کی حمایت کرتا ہے: وزیر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک مذاکرات کا حامی ہے اور عرب ممالک کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لیے کویت کی مصالحتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

قطری وزیر خارجہ نے پیرس میں سوموار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم امیرِکویت شیخ صباح الاحمد الصباح کی مصالحت کے لیے کوششوں کو سراہتے اور ان کی حمایت کرتے ہیں‘‘۔

انھوں نے کہا کہ قطر بحران کے حل کے لیے بات چیت کو تیار ہے لیکن ساتھ ہی انھوں نے عرب خلیجی ممالک کی فضائی اور بحری پابندیوں کو غیر منصفانہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔البتہ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کسی واضح بنیاد پر ہونے چاہییں۔

محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کا کہنا تھا کہ قطر خلیجی ریاستوں اور خاص طور پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دوحہ کے خلاف فیصلوں کے جواز کو سمجھنے سے قاصر ہے۔تاہم وہ ان کی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کو سمجھتا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ خلیجی ریاستوں کو قطر کے خلاف الزامات عاید کرنے کا حق حاصل ہے تو پھر قطر کو بھی اپنے دفاع کا حق حاصل ہے مگر انھوں نے خلیجی ریاستوں کے الزامات کو ’’ غلط‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر بحران کے حل کے لیے ’’ مذاکرات‘‘ کو تیار ہے۔