.

یمنی فوج کا تعز میں جمہوری محل پر قبضہ ،حوثی باغی پسپا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی قومی فوج نے جنوب مغربی شہر تعز میں حوثی باغیوں کے خلاف شدید لڑائی کے بعد ری پبلکن (جمہوریہ) محل پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔

العربیہ نیوز چینل کے نمائندے نے سوموار کے روز یمنی فوج کے صدارتی محل پر قبضے کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ اس کے بعد فوج محل کے مشرق میں واقع علاقے پر اپنا کنٹرول مضبوط بنانے کے لیے کوشاں تھی۔

یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز نے گذشتہ سے پیوستہ جمعہ کو تعز میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ تزویراتی اہمیت کے حامل اس جمہوری محل کے خلاف نئی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ تب سے ان کی حوثی باغیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری تھیں۔

تعز کے شہری ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلح افواج نے اس محل کے آس پاس واقع تزویراتی اہمیت کے حامل علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔اس سے قبل یمنی فوج نے تعز کے مشرق میں واقع سوفٹیل ٹیلے پر تباہ کن بمباری کی تھی جس سے متعدد حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔