امریکا : بیس بال کی پریکٹس کے دوران فائرنگ سے کانگریس کے سینیر رکن زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن کے نزدیک ورجینیا کے علاقے میں بدھ کی صبح ری پبلکن پارٹی کے کانگریس کے ارکان پر بیس بال کی پریکٹس کے دوران ایک مسلح شخص نے فائرنگ کردی ہے جس سے ایوان نمائندگان کے سینیر رکن اور ری پبلکن پارٹی کے وہپ اسٹیو اسکلائیز سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

الیگزینڈریا پولیس نے کہا ہے کہ فائرنگ کے شبے میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اسکلائیز کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے اور ان کے زخم جان لیوا نہیں ہیں۔

الاباما سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے رکن مو بروکس نے سی این این کو بتایا ہے کہ رائفل سے مسلح ایک سفید رنگت والے شخص نے کانگریس کے ارکان اور ان کے عملے پر فائرنگ کی ہے۔

فاکس نیوز کے ایک اینکر بریٹ بائر نے یہ ٹویٹ کیا ہے کہ لوزیانا سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس اسکلائز کو کولھے میں گولی لگی ہے۔ان کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دو افسر فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اور نائب صدر مائیک پنس اس واقعے سے آگاہ ہیں اور وہ صورت حال کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں اس المیے سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ان کی دعائیں کانگریس کے ارکان ، ان کے عملہ ،کیپٹول پولیس اور دوسرے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایوان نمائندگان کے  سینیر رکن اور ری پبلکن  پارٹی کے وہپ  اسٹیو  اسکلائیز
فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایوان نمائندگان کے سینیر رکن اور ری پبلکن پارٹی کے وہپ اسٹیو اسکلائیز
مقبول خبریں اہم خبریں