.

قطر امریکی فوجیوں کے قاتلوں کی مالی مدد کررہا ہے: مکین

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی کانگریس میں ری پبلیکن پارٹی کے سینیٹر جون مکین نے قطر کی دہشت گرد نوازی پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوحہ امریکی فوجیوں کے قاتل دہشت گردوں کی مالی معاونت کا مرتکب ہے۔ اسے اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔

’العربیہ‘ کے مطابق کانگریس کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع جیمز میٹس کی بریفنگ کے بعد جون مکین نے کہا کہ قطر کے بحران کے اسباب کے بارے میں بہت کچھ اب سامنے آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر ایک عرصے سے دونوں کیمپوں میں کھیلنے کی کوشش کرتا رہا ہے، مگر اب وقت آگیا ہے کہ قطر اپنی پالیسی تبدیل کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں کی مدد جاری رکھنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ قطر امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کی بھی مدد کرتا رہا ہے۔ جون مکین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ قطر پر دباؤ ڈالنے کے لیے وزیر دفاع کو دوحہ بھیجیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں تین خلیجی ملکوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں قطر کی امداد پر پلنے والے 59 دہشت گردوں اور 12 تنظیموں کی فہرست جاری کی گئی تھی۔ ان ممالک نے قطر کا معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کردیا ہے۔

خلیجی ممالک نے قطر سے تعلقات کی بحالی کے لیے اخوان المسلمون سے ناطہ توڑنے، داعش، القاعدہ اور یمن کے حوثیوں کی مدد بند کرنے کی شرائط عاید کی ہیں۔