.

لندن: 27 منزلہ ٹاور میں آتش زدگی ، 12 ہلاک ، 30 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لندن کے مغربی علاقے میں واقع ایک 27 منزلہ فلیٹوں کے بلاک میں آتش زدگی سے بارہ افراد ہلاک اور کم سے کم تیس زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گرین فیل ٹاور میں منگل اور بدھ کی نصف شب آگ لگی تھی اور وہ آناً فاناً دوسری سے آخری بالائی منزل تک پھیل گئی تھی۔اس ٹاور میں سیکڑوں افراد قیام پذیر ہیں۔ لندن فائر بریگیڈ کے کمشنر ڈینی کاٹن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ عمارت میں آگ لگنے سے متعدد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں لیکن وہ اس مرحلے پر ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کرسکتے ہیں۔

اس ٹاور میں آگ لگنے کے بعد ہر طرف سے شعلے بلند ہورہے تھے اور آگ بجھانے والے عملہ کے دو سو اہلکار چالیس انجنوں کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے تھے۔ فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ فوری طور پر ٹاور میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے مگر اس پر قابو پانے کے لیے سر توڑ کوششیں کی جارہی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ آتش زدگی کے بعد ٹاور کے بعض مکین پھنس کررہ گئے تھے اور وہ کھڑکیوں کے ذریعے مدد کے لیے پکار رہے تھے۔ایک عینی شاہد نے بتایا ہے کہ تمام مکینوں کو کئی گھنٹے کے بعد بھی فلیٹوں سے نہیں نکالا جا سکا تھا ۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ فلیٹوں سے مکینوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء برطانیہ کی ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے بعد تیس مریضوں کو شہر کے پانچ اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔