.

امریکی شہر سان فرانسسکو میں فائرنگ سے تین ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی شہر سان فرانسسكو میں ایک کوریئر سروس کے ڈرائیور نے اپنے پستول سے فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا اور پھر خود کو گولی مار مار کر خود کشی کر لی۔

یہ واقعہ بدھ کے روز کوریئر سروس کے یونائیڈپارسل سروس کے مرکز میں پیش آیا۔ گولیوں کا نشانہ بننے والے بھی کوریئر سروس کے ملازم بتائے جاتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ اور پولیس کے مطابق مسلح ڈرائیور نے اس وقت فائرنگ کی جب کمپنی کے ملازم ڈلیوری پر جانے سے پہلے معمول کی میٹنگ کے لیے جمع تھے۔ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

سان فرانسسکو کی پولیس نے فوری طور پر حملہ آور اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ حملہ آور کا مقصد کیا تھا، لیکن یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں تھا۔

پولیس نے کوریئر سروس یو پی ایس کے مرکز سے دو ہتھیار برآمد کیے ہیں جن میں قاتل کا پستول بھی شامل ہے۔