.

مصر، امارات دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے لیے متحد

اماراتی ولی عہد کا دورہ مصر، صدر السیسی سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصراور متحدہ عرب امارات نے دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے کل سوموار کو مصر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کو سیاسی پشت پناہی فراہم کرنے کی سازشوں کی روک تھام اور دہشت گردی کی فنڈنگ کا سدباب کرنے کے لیے مل کر کوششیں کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

مصری وزارت خارجہ کے ترجمان علاء یوسف نے ایک بیان میں بتایا کہ صدر السیسی اور اماراتی ولی عہد الشیخ زاید النھیان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قایدین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے ماخذ کو ختم کرنے کے لیے دو طرفہ روابط کے فروغ، صلاح مشورہ جاری رکھنے اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کوششیں کرنے سے اتفاق کیا۔

اس موقع پر پر مصری صدر متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ الشیخ محمد بن زاید نے مصر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اماراتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے مصر کا کلیدی کردار ہے۔ مصر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی غیرمعمولی خدمات انجام دی ہیں۔

علاء یوسف نے بتایا کہ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی مسائل، دہشت گردی کےخلاف جنگ سمیت دوطرفہ دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہ نماؤں نے دہشت گرد تنظیموں کو سیاسی تحفظ فراہم کرنے اور انہیں مالی معاونت کی فراہمی روکنے کے لیے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا۔