.

ایران کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر ناکام میزائل حملے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں لیکن وہ اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی بیلسٹک میزائل دیر الزور میں داعش کے ٹھکانوں کے بجائے دور دراز علاقوں میں گرے ہیں اور ان میں سے بعض تو کئی میل دور عراق کے علاقے میں بھی جا کر گرے ہیں۔

اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق ایران نے شام کے مشرقی شہر دیر الزور میں داعش کے ٹھکانوں پر سات میزائل فائر کیے تھے لیکن ان میں سے صرف دو نے ہدف کو نشانہ بنایا تھا ۔دو داعش کے ایک محفوظ ٹھکانے کے نزدیک گرے تھے اور تین عراق کے علاقے میں جا کر گرے تھے۔

لیکن ایران نے اس کے برعکس دعویٰ کیا ہے۔اس کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقلاب ایران کا ایک بیان جاری کیا ہے۔اس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’’ میزائل حملوں نے تکفیری دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹرز ، اجتماع گاہوں اور کار بم تیار کرنے کے مراکز کو تباہ کردیا ہے ‘‘۔واضح رہے کہ ایران اور اس کا میڈیا داعش اور دوسرے گروپوں کو تکفیری دہشت گرد قرار دیتا ہے۔