.

بھارت قطر میں پھنسے شہریوں کی واپسی کے لیے اضافی پروازیں چلائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت خلیج بحران کے بعد قطر میں پھنس جانے والے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے آیندہ ہفتے سے اضافی پروازیں چلائے گا۔بھارت نے یہ فیصلہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ،مصر ،بحرین اور بعض دوسرے ممالک کی جانب سے قطر سے سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے تناظر میں کیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا میں شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق قطر میں مقیم شہریوں کو واپس لانے کے لیے ائیر انڈیا ایکسپریس ریاست کیرالہ اور دوحہ کے درمیان 25 جون سے 8 جولائی تک پروازیں چلائے گی۔

انڈین ائیر لائن جیٹ ائیر ویز الگ سے جمعرات اور جمعہ کو دوحہ اور ساحلی شہر ممبئی کے درمیان اضافی پروازیں چلا رہی ہے۔ان کے ذریعے قطر سے بھارتی شہریوں کو ممبئی لایا جائے گا۔واضح رہے کہ قریباً سات لاکھ بھارتی تارکین وطن قطر میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزیر برائے امور خارجہ سشما سوراج نے گذشتہ سوموار کو ہوابازی کے وزیر اے جی راجو سے اس معاملے پر بات چیت کی تھی اور ان سے دوحہ سے وطن واپسی کے خواہاں بھارتیوں کو لانے کے لیے اضافی پروازیں شروع کرنے کا کہا تھا۔

اس ملاقات کے بعد ہوابازی کی وزارت نے وزارت امور خارجہ کو یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ قطر سے بھارتی شہریوں کی بروقت واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔