سعودی عرب :شوّال کا چاند نظر آگیا، اتوار کو عید الفطر منانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،کویت اور قطر میں شوّال المکرم 1438ھ کا چاند نظر آگیا ہے اور ان ممالک میں اتوار کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں آج رمضان کا آخری یعنی انتیسواں روزہ تھا۔اہلِ اسلام نئے چاند کی رؤیت کے ساتھ اپنے ہجری مہینے کا آغاز اور اختتام کرتے ہیں۔

دریں اثناء خلیجی ریاست اومان کی وزارت وقف اور مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا ہے،اس لیے 25 جون اتوار کو آخری روزہ ہوگا اور 26 جون سوموار کو وہاں عید الفطر منائی جائے گی۔پاکستان میں بھی اتوار کو انتیسواں روزہ ہے۔

سعودی عرب میں اس مرتبہ سرکاری شعبے کے ملازمین اور ورکروں کے لیے عید الفطر کے موقع پر دس چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 20 رمضان سے عید الفطر کی چھٹیوں کا حکم دیا تھا۔اُم القریٰ کیلنڈر کے مطابق سعودی عرب میں 20 رمضان (جمعرات 15 جون) کو سرکاری دفاتر میں کام کا آخری دن تھا۔

واضح رہے کہ بہت سے عرب ،یورپی اور براعظم امریکا کے ممالک میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہی عیدالفطر منائی جاتی ہے اور ان ممالک میں سعودی عرب اور یواے ای کی جانب سے ہی نئے ہلال کی رؤیت کے اعلان کا اعتبار کیا جاتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں