.

مسجدِ نبوی میں دس لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کی نماز ِعید میں شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں دس لاکھ سے زیادہ مسلمانوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی ہے۔ان میں مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے دوسرے علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہری اور دنیا بھر سے آئے ہوئے عام زائرین اور زائرین ِ عمرہ شامل تھے۔

مسجد ِنبوی میں عید الفطر کی نماز کے لیے فرزندانِ توحید کی آمد کا سلسلہ نمازِ فجر کے فوری بعد شروع ہوگیا تھا اور وہ مسجد کے دالان ، صحن، بالکونیوں اور ہرجگہ پر صفیں بنا کر بیٹھنا شروع ہوگئے تھے۔ان میں سے لاکھوں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا بھی شرف حاصل کیا۔

سعودی عرب سمیت بہت سے عرب اور مغربی ممالک میں اتوار کے روز عید الفطر منائی گئی ہے ۔پاکستان سمیت ایشیائی ممالک میں اتوار کی شام شوال المکرم کا چاند نظر آیا ہے اور ان ممالک میں سوموار 26 جون کو عید منائی جارہی ہے۔

دین ِ اسلام کے پیروکار چاند کی رؤیت کے ساتھ اپنے ہجری مہینے کا آغاز اور اختتام کرتے ہیں اورمجاز حکام ٹھوس شہادتوں کی بنیاد پر نیا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہیں۔اس سال سعودی عرب اور دوسرے عرب ممالک میں ایک دن پہلے روزہ رکھا گیا تھا اور پاکستان میں اس سے ایک دن بعد رمضان کا آغاز کیا گیا تھا۔اسی حساب سے ان ممالک میں رمضان المبارک کے انتیس ، انتیس روزے ہوئے ہیں۔