.

وینزویلا میں سپریم کورٹ کی عمارت پر بم گرا دیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر نے ملک میں سپریم کورٹ کے صدر دفتر کی عمارت پر بم گرایا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سرکاری ٹی وی پر صدر میڈورو کا براہ راست خطاب نشر کیا جا رہا تھا۔ اس دوران وہ صدارتی محل میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ میڈورو نے بتایا کہ اس "دہشت گرد حملے" اور "حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش" کو ناکام بنا دیا گیا۔ میڈورو کے مطابق گرایا جانے والا بم پھٹ نہیں سکا

ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ اس کے نمائندے نے شہر کے وسطی علاقے میں فضا میں ہیلی کاپٹر کی پرواز کے دوران فائرنگ کی آواز سُنی تاہم وہ اس بات کا تعین نہیں کر سکا کہ فائرنگ کس طرف سے کی جا رہی ہے۔

مذکورہ ایجنسی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر حکومت مخالف بینر لگا ہوا تھا۔ ہیلی کاپٹر کو ایک پولیس اہل کار اڑا رہا تھا اور اس نے اعلان کیا کہ وہ باغی ہے۔

وینزویلا میں صدر میڈورو کو تین ماہ سے اپوزیشن اور بعض منحرف عناصر کی جانب سے سخت احتجاج کا سامنا ہے۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران کم از کم 75 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

احتجاج کا محور صدر میڈورو کی جانب سے تاسیسی ایسوسی ایشن کے نام سے ایک نئی اتھارٹی کا قیام ہے۔ اس اتھارٹی کا مقصد آئین کی از سرِ نو تیاری ہے جب کہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جمہوریت کے اصول و ضوابط کے منافی ہے۔

اس سے قبل میڈورو خبردار کر چکے ہیں کہ اگر اپوزیشن نے طاقت کے زور پر ان کی سوشلسٹ حکومت کو گرایا تو وہ اور ان کے حامی ہتھیار اٹھا سکتے ہیں۔