.

غیرمعروف شامی گروپ نے لبنان کے سرکاری ٹی وی کی ویب سائٹ ہیک کر لی

عرسال میں لبنانی فوج کی شامی مہاجرین کے خلاف کارروائی کی مذمت میں بیان پوسٹ کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

’’شامی انقلابی برقی فوج ‘‘ نامی ایک غیر معروف گروپ نے منگل کے روز لبنان کے سرکاری ٹیلی ویژن اسٹیشن ٹیلی لیبان کی ویب سائٹ ہیک کر لی ہے اور اس پر اپنا بیان پوسٹ کردیا ہے۔

لبنانی روزنامے النہار کی رپورٹ کے مطابق اس گروپ نے لبنانی فوج کے عرسال میں شامی مہاجرین کے خلاف چھاپا مار کارروائیوں کے وقت ناروا سلوک کی مذمت کی ہے۔لبنانی فوج نے اس کارروائی میں قریباً چار سو شامی مہاجرین کو گرفتار کر لیا تھا۔

ہیکروں نے لبنانی ٹی وی کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کے بعد اس پر عربی زبان میں مذمتی بیان پوسٹ کردیا تھا۔اس بیان میں کہا گیا ہے:’’تم جانتے ہو کہ مہاجرین ، خواتین اور معذور افراد پر کیسے ہاتھ اٹھائے جاتے ہیں۔تم نے انیس نہتے افراد کو قتل کردیا ۔چار سو افراد کو گرفتار کر لیا ۔ایک لڑکی پر ٹینک چڑھا دیا اور ایک معذور شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا‘‘۔

بیان میں مزید لکھا ہے:’’ ہم نے ایک مرتبہ شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ بھی یہی معاملہ کیا تھا۔تم خواہ شیعہ ہو یا سنی ،تم میں سے جو کوئی بھی شام یا شامیوں کو نقصان پہنچائے گا،ہم اس کی طرف بھی آئیں گے۔اس کو حساب دینا ہوگا اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے‘‘۔