.

پارکنگ کی تلاش اور اضافی ادائیگی کی مد میں سالانہ اربوں ڈالر کا ضیاع !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا ، جرمنی اور برطانیہ میں گاڑی چلانے والے افراد کو پارکنگ کی تلاش اور جرمانے سے بچنے کے لیے مطلوبہ وقت سے زیادہ کی پارکنگ حاصل کرنے کے سبب سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ اس بات کا انکشاف ٹریفک سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے والی کمپنی INRIX کی جانب سے بدھ کے روز جاری رپورٹ میں کیا گیا۔

شہروں کی گنجانیت میں تیزی سے اضافے کے سبب پارکنگ کی براہ راست یا بالواسطہ قیمت گاڑی چلانے والوں اور پالیسی بنانے والوں دونوں فریقوں کے لیے دردِ سر بن گئی ہے۔

گاڑی چلانے والے وافر اور سستی کار پارکنگ چاہتے ہیں جب کہ بہت سے بڑے شہروں کی حکومتیں ٹریفک کی نقل و حرکت پر روک لگانے اور رش اور آلودگی کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

اِنریکس کمپنی کے مطابق رپورٹ کی تیاری میں اُس کے ڈیٹا بینک کی معلومات اور برطانیہ ، جرمنی اور امریکا کے 30 شہروں کے 18 ہزار ڈرائیوروں سے کیے جانے والے سروے کا سہارا لیا گیا۔

رپورٹ کے نتائج کے مطابق امریکا میں ہر گاڑی چلانے والا اپنی ضرورت سے زیادہ وقت کے لیے پارکنگ کی مد میں سالانہ اوسطا 97 ڈالر اضافی ادا کرتا ہے جب کہ پارکنگ ٹکٹ کی سالانہ اوسط قیمت 12 ڈالر ہے۔

امریکا کے بڑے شہروں میں ہر گاڑی چلانے والا پارکنگ کی تلاش کے سبب وقت اور ایندھن کے ضیاع کی مد میں سالانہ اوسطا 345 ڈالر کی ادائیگی کرتا ہے۔