.

ایرانی سفارت کاروں کے خلاف کویتی اقدامات کو سعودیہ کی تائید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے برادر ملک کویت کی طرف سے ایرانی سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کے احکامات دینے کی حمایت کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک سینیر عہدیدار نے بتایا ہے کہ ریاض نے برادر ملک کویت کے ایرانی سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کے اقدامات کی تائید کی ہے۔

خیال رہے کہ کویت نے گذشتہ روز ایک عدالتی فیصلے کے بعد ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کم کرنے کے ساتھ ساتھ کویت میں متعین ایرانی سفیر کو 48 گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

یہ پیش رفت العبدلی نامی ایک خفیہ سیل کی ایرانی سفارت کاروں کی طرف سے حمایت اور معاونت کے انکشاف کے بعد سامنے آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران اپنے سفارت کاروں کی مدد سے کویت میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث اس گروپ کی مدد کرتا رہا ہے۔

کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت نے ایرانی سفیر کو اڑتالیس گھنٹوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

ادھر ایرانی حکومت نے بھی سرکاری طور پر تصدیق کی ہے کہ کویت میں تہران کے سفیر کو وہاں سے نکل جانے کے احکامات ملے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق کویتی حکومت کے اقدامات کے بعد تہران میں متعین کویتی قائم مقام سفیر کو طلب کیا گیا ہے۔

قبل ازیں کویت کی حکومت نے کہا تھا کہ اس نے ایرانی سفارت خانے کے ثقافتی دفتر کے سفارت کاروں کی تعداد کم کردی ہے۔