.

طالبان کا شمالی افغانستان میں ایک ضلعی ہیڈ کوارٹر پر قبضہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان کے ایک عہدہ دار نے کہا ہے کہ طالبان نے شمالی صوبے فاریاب میں لڑائی کے بعد ایک ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر قبضہ کر لیا ہے۔لڑائی میں دو افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

صوبے کے پولیس ترجمان عبدالکریم یورش نے بتایا ہے کہ طالبان مزاحمت کاروں نے ہفتے کی رات کی تاریکی میں ضلع لالیش میں سرکاری ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کیا تھا۔اسی جگہ پر سرکاری دفاتر کے علاوہ پولیس کے ہیڈ کوارٹرز واقع ہیں۔

حالیہ دنوں میں طالبان مزاحمت کاروں نے شمالی افغانستان میں متعدد حملے کیے ہیں۔انھوں نے دارالحکومت کابل اور شمالی افغانستان کے درمیان ایک شاہراہ کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طالبان جنگجو اپنے مضبوط گڑھ جنوبی افغانستان سے ماورا شمالی افغانستان میں بھی افغان فوج اور پولیس پر بھرپور حملے کررہے ہیں۔