.

سعودی شہریوں اور مقیمین کے لیے حج کا واحد راستہ "الیکٹرونک پورٹل"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت حج و عمرہ کے میڈیا سینٹر نے تصدیق کی ہے کہ وزارت نے گزشتہ دنوں کے دوران مملکت کے اندرون کے حجاج کو خدمات پیش کرنے کے حوالے سے بعض بے ضابطہ آپریٹرز کے اشتہارات کا پتہ چلایا۔ یہ آپریٹرز نظام کے مطابق پرمٹ حاصل کیے بغیر ہی کام شروع کرنے کی کوشش کر رہے تھے جو اندرون ملک حجاج کے لیے خدمت کے نظام کی خلاف ورزی ہے۔

میڈیا سینٹر نے زور دے کر بتایا کہ وزارت حج و عمرہ خلاف ورزی کے مرتکب ان تمام آپریٹروں کے خلاف قانونی اقدامات کرنے کے درپے ہے۔ مملکت میں حج کے خواہش مند شہری اور مقیم افراد کو واضح کر دیا گیا ہے کہ اندرون ملک کے حجاج کو خدمات فراہم کرنے والی اجازت یافتہ کمپنیوں اور اداروں کے پاس بکنگ کرانے کا واحد راستہ اندرون ملک حجاج کے واسطے بنایا گیا الیکٹرونک پورٹل ہے۔ اس کا ویب پتہ localhaj.haj.gov.sa ہے۔ اس سلسلے میں الکٹرونک رجسٹریشن یکم ذوالقعدہ سے سات ذوالحجہ کے درمیان کرائی جا سکتی ہے۔

میڈیا سینٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ الکٹرونک پورٹل میں طے پائے جانے والے معاہدے کی رقم کے علاوہ کسی بھی قسم کی اضافی ادائیگی کو وزارت حج و عمرہ کی ہدایات کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔