.

اقوام متحدہ ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد کی یمن امن مذاکرات کے نئے دور کے لیے مسقط آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد امن مذاکرات کے نئے دور کے آغاز کے لیے جمعرات کے روز اومان کے دارالحکومت مسقط پہنچے ہیں۔

انھوں نے اپنی آمد کے بعد اومانی وزیر خارجہ یوسف بن علاوی سے ملاقات کی ہے اور ان سے یمن میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کو بہت مثبت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اومان نے یمن میں جاری لڑائی کے جلد سے جلد خاتمے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

ذرائع نے العربیہ کو بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایلچی عدن میں یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔وہ یمنی بحران کے دوسرے فریقوں سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وہ یمنی صدر سے حوثی ملیشیا سے حدیدہ کی بندر گاہ کا قبضہ ختم کرانے کے لیے ایک تجویز پر تبادلہ خیال کریں گے جس کے تحت حوثی ایک تیسرے فریق کو حدیدہ کی بندر گاہ کا کنٹرول حوالے کردیں گے اور وہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں اس کا انتظام سنبھالے گی۔

اس تجویز کے تحت بندر گاہ سے حاصل ہونے والی آمدن کو یمن کے مرکزی بنک میں جمع کرایا جائے گا اور حکومت اس سے ملازمین کو تن خواہیں ادا کرے گی۔ واضح رہے کہ بندر گاہ کے ملازمین کو گذشتہ سال ستمبر سے تن خواہیں ادا نہیں کی جاسکی ہیں۔