.

برازیلی فٹ بالر ڈیل میں اسرائیل نے90 ملین قطری ریال کمائے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کے ایک بزنس ایجنٹ بینی زھاوی کی کوششوں سے برازیلی فٹ بالر نیمار کی ’پیرس سینٹ جیرمن‘ کلب منتقلی کی ڈیل میں ایک خطیر رقم قطر کی جانب سے اسرائیل کو بھی ادا کی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسرائیلی بزنس ایجنٹ زھاوی برازیلی فٹ بالر اور فرانسیسی فٹ بال کلب کے درمیان جو ڈیل کرائی اس میں 170 ملین قطری ریال کمائے گئے۔ اس رقم میں 90 ملین قطری ریال اسرائیل کو ادا کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس فٹ بال کلب کے چیئرمین ناصر الخلیفی برازیلی فٹ بالر نیمار کو اپنے ہاں لانے کے خواہاں تھے۔ ان کے مشن کو اسرائیلی بزنس ایجنٹ نے آسان بنا دیا۔ زھاوی نے اپنا اثرو رسوخ اور تعلقات استعمال کرتے ہوئے اسپانوی بارسلونا کلب میں رسائی حاصل کی اور نیمار کو وہاں سے نکالنے اور پیرس فرانسیسی فٹ بال کلب میں شامل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

اگرچہ اس ڈیل میں زھاوی مجموعی طورپر 170 ملین قطری ریال حاصل کریں گے مگر یہ ساری رقم انہیں نہیں ملے گی بلکہ وہ 90 ملین ریال کی رقم اسرائیلی ریاست کو اس ڈیل کا ٹیکس ادا کریں گے۔ یوں قطر کی کوششوں سے ہونے والی اس ڈیل سے خطیر رقم اسرائیل کو بھی ملے گی۔

سوشل میڈیا پر جاری بحث میں 90 ملین قطری ریال کی رقم اسرائیل کو ملنے کو بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ اسرائیل کو یہ رقم ایک ایسے وقت میں حاصل ہوگی جب حال ہی میں مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد فلسطینی عوام میں اسرائیل کے خلاف سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ برازیل کے ذرائع ابلاغ نے حال ہی میں بتایا تھا کہ ناصر الخلیفی کے زیرقیادت قائم فرانسیسی فٹ بال کلب ’پیرس سینٹ جیرمین‘ نے ایک برازیلی فٹ بالر کو بھاری قیمت میں خریدنے کا ایک معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے میں اسرائیل کے ایک سابق اسپورٹس صحافی اور بزنس ایجنٹ کا کلیدی کردار ہے۔

برازیلی اخبار ’اسپورٹی اینٹراٹیو‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پیرس سینٹ جیرمین فٹ بال کلب برازیلی فٹ بالر نیمار فور کے ساتھ ڈیل کرانے کے لیے اس کے والد نیمار سانٹوس اور اسرائیلی بزنس ایجنٹ بینی زھاوی کو مشترکہ طور پر 36 ملین یورو کی رقم ادا کرے گا۔ یہ رقم نیمارسانٹوس اور زھاوی نصف کے حساب سے تقسیم کریں گے اور دونوں کو فی کس 18 ملین یورو کی رقم ملے گی۔

بینی زھاوی اور نیمار سنٹوس کو یہ رقم برازیلی فٹ بالر کا فرانسیسی کلب کے ساتھ معاہدہ کرانے کی کوششوں کے عوض ادا کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پیرس سینٹ جیرمین برازایلی کھلاڑی کا بارسلونا سے معاہدہ توڑنے کے عوض کھلاڑی کو 2 کروڑ 22 لاکھ یور ادا کرے گا۔ اگلے چار سپورٹس سیزن میں اسے سالانہ 30 ملین یورو اور اس کے والد 100 ملین یورو حاصل کریں گے۔