.

امریکی ۔ مصری فوجی مشقوں میں سوڈان کو شرکت کی دعوت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ آئندہ اکتوبر میں امریکا اور مصر کی مشترکہ فوجی مشقوں مین خرطوم کو بھی شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔ تین عشروں کے بعد امریکا کی شراکت سے کسی عسکری سرگرمی میں سوڈان کو دی گئی یہ پہلی دعوت ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوڈانی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل عماد الدین مصطفیٰ عدوی نے ’روشن ستارہ‘ کے عنوان سے مصر اور امریکا کے درمیان ہونے والی فوجی مشقوں میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈانی آرمی چیف کو یہ دعوت ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب حال ہی میں انہوں نے امریکا کی اہم شخصیات کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

سوڈان کے آرمی چیف کا کہنا ہے کہ امریکی عہدیداروں کے دورہ خرطوم سے بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے فاصلے کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری میدان میں امریکا کے ساتھ تعلقات کی بحالی درست سمت میں اہم پیش رفت ہے۔

خیال رہے کہ جولائی میں امریکی حکومت نے سوڈان پر انسانی حقوق کی پامالی کےالزام میں عاید کردہ پابندیاں مکمل طور پر اٹھانے کا معاملہ مزید تین ماہ کے لیے موخرکردیا تھا۔

سابق امریکی صدر باراک اوباما نے سوڈان پر عاید کردہ پابندیوں میں چھ ماہ کے لیے نرمی کی تھی۔ انہوں نے بیس سال سے عاید کردہ پابندیوں میں کمی کرتے ہوئے خرطوم کے منجمد اثاثے بحال کردیے تھے تاہم سوڈان کےساتھ تجارتی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رکھی تھی۔