.

شاہ سلمان کا بارسلونا حملوں پر ہسپانوی فرمانروا سے اظہار افسوس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اسپین میں ہونے والی دہشت گردی کے بعد ہسپانوی فرمانروا فیلیپ ششم کو ٹیلیفون کیا اور بارسلونا کامریلز میں دہشت گردی کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے" کے مطابق ہسپانوی بادشاہ سے بات چیت میں شاہ سلمان نے دہشت گردی کی واقعات کی شدید مذمت کی اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔

بعد ازاں شاہ سلمان نے اسپین کے سابق بادشاہ خوان کارلوس کو بھی ٹیلیفون کیا اور ان سے بارسلونا میں وین کے ذریعے راہ گیروں پر حملے پر ان سے تعزیت کی۔

کاتالونیا شہری دفاع کے مطابق جمعہ کے روز بارسلونا اور کامریلز میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں کم سے کم 14 افراد ہلاک 100 زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں 34 غیرملکی بھی شامل ہیں جن میں ایشیا، یورپ اور لاطینی امریکا کے باشندے بھی بتائے جاتے ہیں۔

یمنی صدر کی شاہ سلمان سے ملاقات

ادھر ایک دوسری پیش رفت میں گذشتہ روز یمن کے آئینی صدر عبد ربہ منصور ھادی نے مراکش کے سیاحتی مقام طنجہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ملاقات میں یمن کی موجودہ صورت حال، باغیوں کے خلاف جاری آپریشن، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔