.

یورپ : دو برسوں میں 17 حملے ، 364 ہلاکتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہسپانیہ میں جمعرات کی شام ہونے والے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 120 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ بارسلونا کے ایک گنجان آباد علاقے میں درمیانے حجم کی ایک کارگو وین نے پیدل چلنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو روند ڈالا۔ اس کارروائی کے ساتھ ہی گزشتہ دو برسوں میں یورپ کے مختلف ممالک میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے افراد کی مجموعی تعداد 364 ہو چکی ہے جب کہ اس دوران ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔ ان کارروائیوں کے سبب متاثرہ ممالک کو بھاری مالی نقصان بھی ہوا اور کئی اہم تاریخی مقامات کو نقصان پہنچا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں براعظم یورپ میں 17 دہشت گرد حملے دیکھنے میں آئے۔ ان حملوں میں 364 افراد کی جان جانے کے علاوہ ہزاروں زخمی ہوئے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ بارسلونا حملے سے پہلے تک یورپ میں ہونے والے 16 حملے کسی طور بھی اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہ ہوئے۔ ان کارروائیوں کا مقصد لوگوں کو اپنی معمول کی زندگی سے دُور کرنا تھا مگر ہر کارروائی کے بعد لوگ دہشت گردی کے خلاف پہلے سے زیادہ پُرعزم طور پر زندگی کی جانب لوٹے۔

جرائم اور دہشت گردی کے حوالے سے یورپی یونین کے 28 ممالک کی مدد کے لیے مختص تنظیم "یوروپول" کے مطابق "برطانوی باشندوں کو کئی دہائیوں سے سب سے زیادہ خطرے کا سامنا ہے"۔

بارسلونا حملے سے قبل دو برسوں کے دوران یورپ میں ہونے والے 16 بڑے حملے درج ذیل ہیں :

1 – پیرس میں 13 نومبر 2015 کو دہشت گرد حملہ ۔

2 – بیلجیئم میں برسلز ہوائی اڈے کو 22 مارچ 2016 کو نشانہ بنایا گیا۔

3 – پیرس میں 13 جون 2016 کو ایک پولیس افسر اور اس کے ساتھی پر مسلح حملہ کیا گیا۔

4 – فرانس کے شہر نیس میں 14 جولائی 2016 کو ٹرک کے ذریعے لوگوں کو روند دیا گیا۔

5 – جرمنی کے شہر میونخ میں 22 جولائی 2016 کو حملہ ہوا۔

6 – جرمن ریاست باواریا میں 24 جولائی 2016 کو موسیقی کی تقریب میں خودکش حملہ ۔

7 – فرانس کے شمال میں 26 جولائی 2016 کو چرچ پر حملہ ۔

8 – جرمن شہر برلن میں 19 دسمبر 2016 کو "کرسمس" مارکیٹ میں لوگوں کو ٹرک کے ذریعے کچل دیا گیا۔

9 – پیرس میں 3 فروری 2017 کو مشہور میوزیم لووغ کے پہرے پر مامور پولیس اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

10 – پیرس کے اورلی ہوائی اڈے پر 18 مارچ 2017 کو حملہ کیا گیا۔

11 – برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں 22 مارچ 2017 کو "ویسٹ منسٹر بِرِج" پر لوگوں کو گاڑی سے کچلنے کی کارروائی کی گئی۔

12 – سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں 7 اپریل 2017 کو گاڑی سے روندنے کا واقعہ۔

13 – برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں 22 مئی 2017 کو "مانچسٹر ایرینا" پر خود کش حملہ۔

14 – برطانوی دارالحکومت میں 3 جون 2017 کو "لندن بِرِج" پر حملہ ۔

15 – اسپین کے شہر بارسلونا میں 17 اگست 2017 کو لوگوں پر گاڑی سے روندنے کا حملہ۔

16 – اسپین کے شہر کیمبرلز میں 18 اگست 2017 کو حملہ۔

17 – فن لینڈ کے شہر ٹورکو میں 18 اگست 2017 کو ایک بازار میں چھرے سے حملہ۔